اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل نے ہفتے کی رات ایک بیان میں، یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی حملوں سے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لئے فائر بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے، یمن کا ظالمانہ محاصر فوری طور پر ختم کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے- تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل نے سعودی جارحیت بند کرانے کے لئے دوست ملکوں کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے، اقوام متحدہ کی نگرانی میں قومی امن مذاکرات کا عمل، اسی جگہ سے شروع کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت کے نتیجے میں جہاں پہنچ کر یہ عمل تعطل سے دوچار ہوا ہے- یمن کی مسلح افواج کے ترجمان شرف محفوظ نے بھی ایک بیان میں انسان دوستانہ جنگ بندی پر یمنی فوج کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائر بندی کے عرصے میں انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کے لئے تجارتی بحری جہازوں کو یمنی ساحلوں پر لنگرانداز ہونے کی اجازت دیئے جانے کی ضرورت ہے- اس ترجمان نے دواؤں، غذائی اشیاء اور ایندھن کی یمن منتقلی میں رکاوٹ پیدا کئے جانے کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی و اخلاقی اصول و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا- شرف محفوظ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ فائر بندی کی خلاف ورزی اور اس خلاف ورزی کی حمایت کرنے والوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کیا جائے گا- دوسری جانب یمن کی وزارت صحت کے ترجمان تمیم الشامی نے کہا ہے کہ انسان دوستانہ امداد پہنچائے جانے سے متعلق فائر بندی کے بارے میں اگر سعودی عرب کا دعوی، صحیح بھی ثابت ہو تو بھی دواؤں، غذائی اشیاء اور ضرورت کے سامان کی فراہمی کے لئے فائر بندی کی مدّت بہت کم اور ناکافی ہے- یمن کے اس عہدیدار نے کہا ہے کہ فائر بندی پر عملدرآمد کے بارے میں نیک توقعات کا اظہار، ایسی حالت میں کیا جارہا ہے کہ گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جارحین نے شدید حملے کئے ہیں جن میں درجنوں یمنی عام شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں- ایسی صورت حال میں یمن میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر نے بھی اعلان کیا ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں خاص طور سے صعدہ پر سعودی جنگی طیاروں کے بلاسبب حملے اور بمباری، بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے- انھوں نے یمن کے عام شہریوں پر جارحین کے جاری حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائر بندی کے لئے انجام پانے والی کوششوں کے باوجود یمن کی بنیادی تنصیبات اور رہائشی علاقوں پر سعودی جنگی طیاروں کے حملے، جاری رہے ہیں- دریں اثنا یمن سے موصولہ رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جنگی طیاروں کی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے اور شمالی یمن کے صوبے صعدہ کے مختلف علاقوں پر ہفتے کی رات ہونے والے حملوں میں درجنوں عام شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں جبکہ صوبہ صعدہ کے شمال میں یمن کے سرحدی علاقوں پر سعودی گولہ باری کا سلسلہ، کئی روز سے جاری ہے اور اس جارحیت میں بھی یمن کے دسیوں عام شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں-
.......
/169